آل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈکے صدر مولانا رابع حسنی ندوی نے ماضی سے استفادہ کی اپیل کی
لکھنؤ،2جون؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا سید رابع حسنی ندوی نے کہا ہے کہ ہندوستان کے مسلمان خراب صورت حال اورمتعدد مسائل سے گزر رہے ہیں لیکن ماضی سے استفادہ کرکے ان حالات وخطرات سے بچاجا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پرسنل لابورڈ اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے ان مسائل کے حل کی کوششیں کررہا ہے جو ملت کو درپیش ہیں، اس لئے مایوس ہونے کے بجائے ہمت ویقین سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ مولانا نے کہا کہ ایسے بہت سے مسائل ہیں جن پربورڈ میں تمام مسالک کے لوگ تبادلہء خیال کرنے کے بعد کسی نتیجے پر پہنچتے ہیں اور کوشش یہی کی جاتی ہے کہ شریعت کے تقاضوں اوراصولوں کے مطابق فیصلے اور نظریات پر عمل کیاجائے۔ مشکل وقت میں جذبات اورغصے کا نہیں بلکہ تدبر اورصبرکا مظاہرہ کرناچاہئے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں گؤ کشی، مسجد ،مندر، تین طلاق، تعلیم کا بھگواکرن، فسادات اوردہشت گردی کے الزامات یہ سب ایسے موضوعات ہیں جن کو بنیاد بناکر ایک مخصوص طبقے کا مسلسل استحصال کیاجارہا ہے۔ بورڈ کے صدرکہتے ہیں کہ ان حالات سے گھبرانے کے بجائے ان کے مقابلے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ ملک کی آزادی کے وقت بھی مسلمانوں کو بے انتہا پریشانیوں کا سامنا تھا جن کے ازالے کے لئے علماء اور دانشوروں نے تدبر، صبر اور مثبت حکمت عملی سے کام کیاتھا۔مولانا نے کہا کہ بورڈ کے پاس اپنے دائرۂ کار، دائرۂ اختیار ہیں اور بورڈ ہمیشہ آئین ودستور کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ہی پیش رفت کرتا ہے تو کچھ نتائج دیر سے سامنے آتے ہیں لیکن اس صورت حال سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ موجودہ حالات سے دل برداشتہ نہ ہوں اور جلد بازی میں غلط فیصلے نہ کریں۔